ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں /  جرمن بیکری دھماکہ کیس: یاسین بھٹکل کیخلاف کورٹ نے طے کئے الزامات 

 جرمن بیکری دھماکہ کیس: یاسین بھٹکل کیخلاف کورٹ نے طے کئے الزامات 

Mon, 29 Apr 2019 21:44:30  SO Admin   S.O. News Service

پونے: 29 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) ایک نچلی عدالت نے پیر کو پونے میں 2010 کے جرمن بیکری دھماکہ کیس میں دہشت گرد مبینہ تنظیم انڈین مجاہدین کے مبینہ کارکن ملزم یاسین بھٹکل کیخلاف الزامات طے کئے ہیں۔ یاسین کو سخت سیکورٹی کے درمیان عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔ خاص پراسیکیوٹر اجول پوار نے کہا کہ ان کے خلاف تعزیرات ہند، دھماکہ خیز مواد ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمی قانون کی مختلف دفعات کے تحت الزامات طے کئے گئے ہیں۔

غور طلب ہے کہ فروری 2010 میں پونے کے کورے گا ؤں پارک کے علاقہ میں جرمن بیکری میں ہونے والے دھماکہ میں 17 لوگوں کی موت ہو گئی تھی جبکہ 64 دیگر زخمی ہوئے تھے۔ اس سے پہلے، ایک خصوصی این آئی اے عدالت نے جولائی 2018 میں یاسین کو 2013 حیدرآباد ڈبل دھماکہ کے معاملے میں قصوروار ٹھہرایا تھا اور اسے موت کی سزا دی گئی تھی۔ اسے پیر کو دہلی کی تہاڑ جیل سے یہاں لا کر ایڈیشنل سیشن جج کے ڈی وڈانے کے سامنے پیش کیا گیا۔ یاسین  کی گرفتاری کے بعد یہ پہلی بار ہے، جب اسے پونے کی عدالت میں لایا گیا ہے۔

پراسیکیوٹراجول پوار نے کہا کہ دہلی پولیس نے ایک درخواست دائر کر کے کہا کہ سیکورٹی وجوہات کی باعث وہ سماعت کے لئے یاسین کو پونے نہیں لا سکے اور آگے کی سماعت ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ہونی چاہئے۔ یاسین کے وکیل ظہیر خان پٹھان نے دہلی پولیس کی درخواست کی مخالفت کی اور کہا کہ ملزم کو سماعت کے دوران عدالت میں موجود ہونا چاہئے۔ این آئی اے نے 2013 میں بھارت -نیپال سرحد سے 40 سے زائد دہشت گرد معاملات میں مطلوب یاسین کو گرفتار کیا تھا۔   


Share: